پیر,  06 اکتوبر 2025ء
تقریباً 9 لاکھ فلسطینی غزہ پٹی سے منتقل ہو چکے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع
تقریباً 9 لاکھ فلسطینی غزہ پٹی سے منتقل ہو چکے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع

غزہ(روشن پاکستان  نیوز) اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کیٹز کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً 9 لاکھ فلسطینی غزہ شہر میں جاری عسکری کارروائیوں کے باعث جنوب کی جانب منتقل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر پر قبضہ، عمارتوں سے انخلا اور اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں اتنی بڑی نقل مکانی کا باعث بنے ہیں۔

کیٹز نے کہا کہ ہم نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ رہائش گاہوں کو چھوڑ دیں، جو لوگ واپس آئیں گے انہیں عسکری کارروائیوں کا حصہ سمجھا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں طیاروں اور ٹینکوں سے رہائشی عمارات پر بمباری کی جس سے کئی مکانات منہدم ہو گئے۔

غیر ملکی خیبر ایجنسی کے مطابق ڈرون حملوں اور دھماکوں سے غزہ کے شہری علاقے، خاص کر سبرا اور شیخ رضوان میں تباہی پھیلی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، تاریخی معاہدہ طے

گزشتہ روز غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملے کے دوران کم از کم 77 فلسطینی شہید ہوئے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے غزہ کے اندر ایک ‘ابتدائی واپسی لائن’ کے لیے اتفاق کیا ہے، اور اگر حماس اس کی تصدیق کرے تو فوری طور پر جنگ بندی مؤثر ہو جائے گی۔

مذاکرات کا آغاز مصر میں ہوگا، جہاں حماس، اسرائیل، امریکہ اور قطر کے نمائندے امن منصوبے پر بات کریں گے۔ حماس نے ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے چند اہم نکات قبول کیے ہیں جیسے جنگ کا اختتام، قیدیوں کی رہائی اور اسرائیلی انخلا، مگر دیگر نکات پر اب بھی گفتگو باقی ہے۔

بین الاقوامی اداروں کے مطابق غزہ کا تقریباً 82 فیصد علاقہ اب اسرائیلی کنٹرول میں ہے، کئی شہروں کی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے اندازے کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں 15 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہیں۔

مزید خبریں