پیر,  06 اکتوبر 2025ء
کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنے والے نان فائلرز ایف بی آر کے ریڈار پر ماہانہ 2 لاکھ سے زائد خرچ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنے والے نان فائلرز ایف بی آر کے ریڈار پر ماہانہ 2 لاکھ سے زائد خرچ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
اسلام آباد (محمد زاہد خان) کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنے والے نان فائلرز ایف بی آر کے ریڈار پر ماہانہ 2 لاکھ سے زائد خرچ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز کی نگرانی تیز کر دی ہے اور غیر فائلرز (نان فائلرز) جن کی کریڈٹ کارڈ سے ماہانہ شاپنگ 2 لاکھ روپے سے زائد ہے، اُن کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق اب انکم ٹیکس ریٹرن میں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کی گئی خریداریوں کی تفصیلات بھی شامل کرنا لازمی ہوگا۔ اسی سلسلے میں کمرشل بینکوں نے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے صارفین کا ڈیٹا ایف بی آر کے ساتھ شیئر کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ ٹیکس نادہندگان کی حقیقی آمدنی کا پتہ لگایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ جن لوگوں نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے لاکھوں روپے کے اخراجات کیے ہیں اور وہ انکم ٹیکس گوشوارہ جمع نہیں کر رہے، اُنہیں نوٹسز بھیجے جائیں گے۔ ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کو بطور یاد دہانی ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ 15 اکتوبر تک تمام ٹیکس دہندگان ایمانداری سے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس ڈیڈ لائن میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد آن لائن پیمنٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کاروبار کرنے والے نان فائلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں نوٹسز، انکوائریز اور ضروری قانونی کارروائیاں شامل ہو سکتی ہیں۔ ادارے نے یہ بھی کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن میں تمام بینک ٹرانزیکشنز کی درست اور مکمل معلومات دینا لازمی ہوگا، ورنہ خلاف ورزی سمجھ کر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف بی آر کے متوقع اقدامات

•کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز کا ڈیٹا بینکوں سے حاصل کر کے تجزیہ۔
•ماہانہ 2 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنے والے نان فائلرز کو نوٹسز جاری کرنا۔
•ٹیکس گوشوارے نہ جمع کرانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانہ/سزائیں۔
•آن لائن پیمنٹس اور ای-کامرس ٹرانزیکشنز کی اضافی پڑتال۔
ٹیکس دہندگان کے لیے ہدایت
ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان سے کہا ہے کہ وہ 15 اکتوبر 2025 تک اپنے گوشوارے درست اور مکمل معلومات کے ساتھ جمع کرائیں تاکہ بعد ازاں کسی قسم کی کارروائی سے بچا جا سکے

مزید خبریں