راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) ترجمان پاک فوج نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ نئی جنگ تباہ کن نتائج لا سکتی ہے۔ اور کسی بھی نئی جارحیت پر پاکستان بھرپور اور بلا روک ٹوک جواب دے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سیکیورٹی قیادت کے خیالاتی، اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات پر گہری تشویش ہے۔ اور غیرذمہ دارانہ بیانات جارحیت کے لیے من مانی وجوہات تخلیق کرنے کی ایک نئی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔ بھارتی قیادت کی جارحانہ زبان امن کے لیے خطرہ ہے۔ اور بھارت بار بار جارحیت کے بہانے تراش رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو واقعی سرحد پار دہشتگردی کا اصل چہرہ کہا جاتا ہے۔ رواں سال بھارتی جارحیت نے 2 ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے کنارے پہنچا دیا تھا۔ اور لگتا ہے بھارت نے فضائی شکست اور طیارے تباہ ہونے کا تجربہ بھلا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھوئی یادداشت کے باعث بھارت پھر تصادم کے لیے اکسا رہا ہے۔ تاہم خبردار کر رہے ہیں کہ نئی جنگ تباہ کن نتائج لا سکتی ہے۔ اور کسی بھی نئی جارحیت پر پاکستان بھرپور اور بلا روک ٹوک جواب دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کا فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے فوری، فیصلہ کن اور تباہ کن جوابی ردعمل کی نئی مثال قائم کی ہوئی ہے۔ اور دشمنی کی صورت میں ہم سرحد کے ہر کونے تک ضرب پہنچا سکتے ہیں۔ اب اگر کوئی ایڈونچر کیا گیا تو ہولناک جواب دیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کا عزم غیرمتزلزل اور دفاعی صلاحیت بھرپور ہے۔