هفته,  04 اکتوبر 2025ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) قومی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف چھ مختلف کارروائیاں انجام دیں۔ کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان بشمول ایک خاتون اور افغان نیشنل کو گرفتار کیا گیا جبکہ 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 49.283 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسقط (عمان) جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 683 گرام وزنی 90 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔ اسی ایئرپورٹ پر برطانیہ جانے والے ایک دوسرے مسافر کے سامان سے 8.5 کلوگرام وزنی اور 29,400 ڈیازیپام گولیاں برآمد ہوئیں۔

پشاور کے قریب رنگ روڈ پر ایک گاڑی سے 500 گرام آئس برآمد کی گئی اور اس کے ساتھ افغان نیشنل کو گرفتار کیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن لاہور کے قریب کار اور موٹر سائیکل سوار سے مجموعی طور پر 30 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

 مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک بھر میں منشیات کے خلاف بڑا آپریشن، 9 ملزمان گرفتار

اٹک کے قریب اقبال شہید ٹول پلازہ پر ایک ٹرک سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس پر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور کے موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خاتون ملزمہ کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

تمام گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور ملزمان کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

مزید خبریں