هفته,  04 اکتوبر 2025ء
سیلاب متاثرین کی بحالی تک امدادی سلسلہ جاری رہے گا، پاکستان اوورسیز فورم سعودی عرب

جدہ (محمد عدیل) پاکستان اوورسیز فورم سعودی عرب کی جانب سے ایک اہم پریس کانفرنس جدہ میں منعقد ہوئی جس میں صدر ویسٹرن ریجن سعودی عرب فدا حسین کھوکھر، چیف آرگنائزر سعودی عرب ذکا اللہ پنو ، گلزار منظور مانگٹ میڈیا کارڈینیٹر اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اوورسیز فورم کے بورڈ ممبر مظہر اقبال انجم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی امداد سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ ضلع بھاولنگر، مظفرگڑھ اور دیگر متاثرہ تحصیلوں میں کھانے پینے کی اشیاء، خشک راشن، مویشیوں کا چارہ اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی تقسیم کی گئی ہیں۔ صرف ضلع بھاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں 555 سے زائد خاندانوں میں 20 کلو راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔

مزید بتایا گیا کہ مظفرگڑھ اور بھاولپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی ہزاروں خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی ہے۔ تقریباً 800 بوری چوکر اور 84 ہزار 840 کلو جانوروں کا چارہ تقسیم کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ درجنوں خاندانوں میں خشک راشن بیگز، نقد امداد اور دیگر ضروری اشیاء بھی پہنچائی گئیں۔

مظہر اقبال انجم کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم غیر سیاسی ہے اور ہم بلا تفریق لوگوں کی مدد کرتے ہیں ہمارے تنظیم کا مشن عام عوام جو کے کسی بھی مشکل کا شکار ہے انکی مدد کرنا ہے

صدر ویسٹرن ریجن سعودی عرب فدا حسین کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اوورسیز فورم صرف ریلیف سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ ہم ملک میں پائیدار ترقی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “اب تک ہم 400 سے زائد مستحق افراد کو بلاسود قرضہ فراہم کرکے ان کے اپنے کاروبار شروع کرنے میں مدد کر چکے ہیں۔ اس اقدام سے کئی خاندان معاشی طور پر مستحکم ہوئے ہیں۔”

چیف آرگنائزر سعودی عرب ذکا اللہ پنو اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہمیشہ اپنے ملک کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی تک یہ امدادی سلسلہ جاری رہے گا اور اوورسیز کمیونٹی اپنے ملک کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

مزید خبریں