جمعرات,  02 اکتوبر 2025ء
مانچسٹر: افضل خان کا لیبر کانفرنس 2025 میں اتحاد، انصاف اور عالمی تعاون پر زور

مانچسٹر(ندیم طاہر) مانچسٹر رشولم کے لیبر ایم پی افضل خان نے لیبر پارٹی کانفرنس 2025 کے پہلے دن کو بہت کامیاب اور معلوماتی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شامل ہونے سے انہیں “بریٹن اوز فلسطین” کیمپین کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، جو فلسطینیوں کے لیے انصاف کی جدوجہد کر رہی ہے۔ افضل خان نے اس موقع پر لیبر پارٹی اور حکومت میں موجود مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کی نمائندگی پر بھی زور دیا اور اس حوالے سے منعقدہ ڈائیورسٹی اینڈ کمیونٹیز ریسپشن میں حصہ لیا۔

انہوں نے SME4Labour اور Pakistanis for Labour کے پینل میں بھی گفتگو کی جہاں انہوں نے سیاسی تقسیم کے باوجود کمیونٹیز کو متحد کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، افضل خان نے لیبر فرینڈز آف بنگلہ دیش کی تقریب میں بھی شرکت کی جہاں مختلف کمیونٹی کے افراد نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

کانفرنس کے دوران انہوں نے بحرین کے سفیر، ایچ ای شیخ فواز بن محمد بن خلیفہ آل خلیفہ، اور گلوبل ڈپلومیسی انسٹی ٹیوٹ کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور عالمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر میں عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

افضل خان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات میں عالمی شراکت داری اور تعاون کو مضبوط کرنا بے حد ضروری ہے تاکہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مختلف ثقافتوں اور قومیتوں کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا بہترین موقع ہے، جو سیاسی اور سماجی یکجہتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیبر پارٹی کانفرنس کے دوران ہونے والی گفتگو اور شراکت داری سے نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر مثبت تبدیلیاں آئیں گی اور برطانیہ کی سیاست میں شامل تمام کمیونٹیز کی آوازیں مضبوط ہوں گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں بھی کانفرنس میں بھرپور حصہ لیتے رہیں گے اور کمیونٹیوں کے حقوق اور عالمی انصاف کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں