اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی تردید کر دی۔
ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر نے مبینہ توسیع کو حالیہ سیلاب سے بھی جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔ اور مقررہ تاریخ تک ریٹرن فائل نہ کرنے پر قانون کے تحت جرمانے کیے جائیں گے۔
ایف بی آر نے کہا کہ ایمانداری کے ساتھ اپنے انکم ٹیکس ریٹرن 30 ستمبر کی آخری تاریخ سے پہلے جمع کروائیں۔ ٹیکس دہندگان کی اکثریت ان علاقوں میں رہائش پذیر ہے جو سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے۔ اور سیلاب سے متاثر نہ ہونے والوں کو قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے کافی وقت دیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سسٹم ٹھیک کرنے کے مشورے دینے والے ہی ٹیکس نہیں دے رہے : چیئرمین ایف بی آر
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس سسٹم کی سست روی کا دعویٰ بھی بے بنیاد ہے۔ بلکہ آئی رس پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور بخوبی کام کر رہا ہے۔ ٹیکس دہندگان نئے سادے انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکس دہندگان کسی مشکل میں ہوں تو متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے 15 دن کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔ بشرطیکہ واجب الادا ٹیکس 30 ستمبر تک ادا کر دیا جائے۔