بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مجموعی طور پر 6 مختلف کارروائیوں میں 150 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 42 لاکھ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

اہم کارروائیاں:

اے این ایف کی پہلی کارروائی کراچی کے جناح ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں کی گئی، جہاں سعودی عرب بھیجے جانے والے ایک پارسل میں کپڑوں میں جذب 7.320 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

اٹک میں ہارو ٹول پلازہ کے قریب ایک رکشہ سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد کے پارکنگ ایریا میں کھڑی ایک گاڑی سے 1 کلو آئس اور 1 کلو مشکوک کیمیائی مواد برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی خان میں فوارہ چوک کے قریب ایک شخص کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں، 10 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے کورنگی میں جھاڑیوں سے 9.800 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

بلوچستان کے ضلع لورالائی کے علاقے کچ سردار میں واقع ایک صحرائی فیکٹری سے 120 کلوگرام بھنگ برآمد کی گئی جو چرس کی تیاری کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں، جن کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید خبریں