جمعرات,  02 اکتوبر 2025ء
لیڈز: پولیس افسر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کرگئے

لیڈز(روشن پاکستان نیوز) نارتھمپٹن شائر پولیس کے ایک نوجوان افسر، پی سی فیضان نجیب، جو ایک ہفتہ قبل سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے، آج افسوسناک طور پر جان کی بازی ہار گئے۔

پی سی فیضان نجیب 19 ستمبر کو جمعہ کی رات تقریباً 12:35 بجے اسٹیشن روڈ، راؤنڈز میں ایک سنگل گاڑی کے حادثے کی اطلاع پر رسپانس دے رہے تھے کہ اس دوران ان کی ایک نیلی وی ڈبلیو پولو کار سے ٹکر ہوگئی۔

انہیں فوری طور پر کیمبرج کے ایڈن بروکس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ایک ہفتہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہے۔ تاہم طبی عملے کی بھرپور کوششوں کے باوجود، وہ آج صبح (جمعہ 26 ستمبر) زندگی کی جنگ ہار گئے۔ ان کی عمر صرف 24 سال تھی۔

پی سی نجیب نے مئی 2022 میں نارتھمپٹن شائر پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے ویلنگ بورو میں رسپانس ٹیم کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے۔

روایت کے مطابق، ڈیوٹی کے دوران جان دینے والے افسران کے اعزاز میں ان کا کالر نمبر “P1967” ہمیشہ کے لیے ریٹائر کر دیا جائے گا۔

نارتھمپٹن شائر پولیس کے چیف کانسٹیبل ایوان بَلہاچیٹ نے اس افسوسناک واقعے پر اپنے بیان میں کہا:
“جب کوئی افسر ڈیوٹی کے دوران اپنی جان دے دیتا ہے تو الفاظ اس دکھ کو بیان کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
پورا نارتھمپٹن شائر پولیس کا خاندان فیضان کے اہلِ خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔”

مزید پڑھیں: ایران نے جرمنی، فرانس اور برطانیہ سے اپنے سفیر واپس بلا لیے

انہوں نے مزید بتایا کہ سنگین حادثے کی تفتیش کا عمل جاری ہے اور پولیس فیضان نجیب کے خاندان کو خصوصی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

حادثے کے مقام سے گرفتار ہونے والے ایک 20 سالہ شخص کو ابتدائی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، تاہم تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

نارتھمپٹن شائر پولیس آئندہ ہفتے پی سی فیضان نجیب کی یاد میں اپنے ووٹن ہال ہیڈکوارٹرز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرے گی، جہاں آج ان کی یاد میں قومی پرچم سرنگوں کیا گیا۔

مزید خبریں