جمعرات,  02 اکتوبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں: جرائم پیشہ عناصر گرفتار، منشیات، چوری، اور پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) — راولپنڈی پولیس نے شہر میں مختلف جرائم کے خاتمے کے لیے موثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا ہے اور بڑی مقدار میں منشیات، چوری شدہ موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، اور دیگر اسلحہ برآمد کیا ہے۔

صدرواہ پولیس نے سٹریٹ کرائم، چوری، نقب زنی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین رکنی گینگ گرفتار کر کے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے، 4 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 4 موبائل فون، 3 بنڈل تاریں اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے بتایا کہ گرفتار شدہ افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور قیمتی اثاثے چھیننے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔

راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ تھانہ مندرہ پولیس نے دسمبر 2024 میں بابر علی نامی منشیات سپلائر کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 560 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اسے معزز عدالت نے 10 سال قید اور 1 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صادق آباد پولیس نے سابقہ رنجش پر شہری کو چھری کے وار سے قتل کرنے والے اشتہاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی راول نے کہا کہ اس مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ 4 مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں، 10 ملزمان گرفتار

نصیر آباد اور صادق آباد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 3 کلو سے زائد چرس ضبط کی ہے، اور مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ٹیکسلا پولیس نے بھی 2 پتنگ سپلائرز کو گرفتار کر کے 200 پتنگیں اور 4 ڈوریں برآمد کی ہیں۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے اور اس میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں جہاں 430 سے زائد افسران اور جوان تعینات ہیں۔ سینئر افسران نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ دی اور گشت کا کام جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

مزید برآں، صادق آباد اور وارث خان پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 30 لیٹر شراب ضبط کی ہے اور مقدمات درج کیے ہیں۔

مزید خبریں