جمعرات,  02 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد میں حفظِ قرآن کی تکمیل پر روح پرور تقریب، 9 طلباء کی دستار بندی

اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) — جامعہ مسجد الرحمن، اے جی پی آر کالونی، کراچی کمپنی اسلام آباد میں ادارہ معارف القرآن کے زیرِ اہتمام نَو (9) طلباء کی حفظِ قرآن کی تکمیل پر ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز علمائے کرام، مذہبی و سماجی شخصیات، اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر حضرت مولانا مفتی ضمیر احمد ساجد نے کہا کہ وہ طلباء انتہائی خوش نصیب ہیں جن کے سینے میں قرآن مجید جیسی عظیم کتاب محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین و دنیا کی کامیابی کے لیے دینی تعلیم کو لازم قرار دینا ہوگا، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں، کیونکہ یہی تعلیم آخرت میں نجات کا ذریعہ بنے گی۔

مفتی ضمیر ساجد نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے زمانے سے لے کر آج تک قرآن کی تعلیم اور حفظ کا سلسلہ جاری ہے، جسے صحابہ کرامؓ، تابعینؒ، اور اولیاء کرام نے بڑی محنت سے جاری رکھا ہے۔ علماء کرام آج بھی اسی سنت کو نبھاتے ہوئے دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ نئی نسل کے سینوں میں اللہ کا کلام محفوظ ہو۔

تقریب کے میزبان اور ادارہ معارف القرآن کے سرپرست اعلیٰ حضرت علامہ مولانا عبدالغفور نجم نے تمام معاونین، اساتذہ، نعت خواں حضرات، پیرانِ کرام اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ایک سال میں 9 طلباء نے قرآن حفظ کیا، اور یہ کامیابی ادارے کی بہترین کارکردگی کی دلیل ہے۔

تقریب میں مفتی محمد اقبال نعیمی، قاری شیر باز، پیر عبداللطیف، ملک تنویر نوشاہی، چوہدری بشیر احمد، پیر عبید احمد، پیر سکندر، پیر ممتاز احمد، قاری ریحان حبیب، ملک قیصر، قاری اشفاق، قاری شعبان، سید ذیشان شاہ، مفتی عبدالرشید، مفتی اظہر، مولانا سراج الدین، ممتاز قادری، صوفی شیراز نقشبندی، قاری شکیل احمد، عبدالوحید خان، صاحبزادہ سیف اللہ، قاری حاکم نقشبندی، پیر غلام مہر علی، محمد اکرم ضیاء، قاری عمر دراز، قاری عمران، نجیب علی شاہ نوید سمیت دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر تمام طلباء کی دستار بندی کی گئی، انہیں اسناد، خصوصی تحائف، نئے کپڑے، اور پھولوں کی مالائیں پیش کی گئیں۔ شرکاء نے دعا کی کہ یہ طلباء قرآن پاک کے حقیقی عالم، قاری، اور عملی مبلغ بنیں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔

مزید خبریں