بدھ,  15 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد میں جعلی حکیم کی ایماء پر صحافیوں پر حملہ — مرکزی ملزم گرفتار، دیگر حملہ آور فرار
اسلام آباد میں جعلی حکیم کی ایماء پر صحافیوں پر حملہ — مرکزی ملزم گرفتار، دیگر حملہ آور فرار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) سی ڈی اے مجسٹریٹ عدالت کے باہر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں صحافیوں پر حملہ کیا گیا، جس کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر جعلی حکیم نواز شریف نے کی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم نواز شریف کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم اس کے ساتھ شامل دیگر 15 نامعلوم افراد تاحال فرار ہیں۔

ذرائع کے مطابق، یہ حملہ اس وقت ہوا جب صحافی عدالت کے باہر معمول کی میڈیا کوریج کر رہے تھے۔ اچانک، حملہ آوروں کے ایک گروہ نے ان پر تشدد کیا، جس سے صحافیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملہ آور مبینہ طور پر جعلی ٹھگوں کے ایک گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں حکیم نواز شریف نے منظم کیا تھا۔

پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، مگر مبینہ ملی بھگت کے باعث ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بجائے اُسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں ریکوری کی تفصیلات پیش نہیں کیں اور مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنے رہے۔

مدعی کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسے نہ تو مقدمے کی نقل فراہم کی اور نہ ہی ملزم کی پیشی کے بارے میں آگاہ کیا، جو کہ پولیس اور ملزم کے درمیان گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 4 منشیات اسمگلرز گرفتار

صحافتی تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

پولیس حکام سے اس حوالے سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم تاحال کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔

مزید خبریں