کراچی (میاں خرم شہزاد) پاکستان کی چمڑے کی صنعت سے وابستہ ممتاز ادارہ رشید احمد اینڈ سنز کے سربراہ چوہدری فیصل رشید کو شاندار خدمات اور برآمدات کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ایک خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ چمڑے کی صنعت میں چوہدری فیصل رشید کی طویل عرصے پر محیط کاوشوں، پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کی برآمدات کو عالمی سطح پر روشناس کرانے میں ان کے کلیدی کردار کا عملی اعتراف ہے۔ ان کی قیادت میں رشید احمد اینڈ سنز نہ صرف ملکی سطح پر ایک معتبر نام بن چکا ہے بلکہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی پاکستانی مصنوعات کے معیار اور وقار کو بلند کرنے میں صفِ اوّل میں شمار ہوتا ہے۔ صنعتی زون کے ترجمان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چوہدری فیصل رشید کی یہ کامیابی پوری چمڑے کی صنعت کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی انتھک محنت، وژن اور رہنمائی کے نتیجے میں رشید احمد اینڈ سنز نے پاکستانی برآمدات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے، اور ان کی خدمات نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی تسلیم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز دراصل پوری صنعت کے عزم و ہمت کا اعتراف ہے۔ واضح رہے کہ رشید احمد اینڈ سنز پاکستان کے نمایاں برآمد کنندگان میں شامل ہے اور اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات، جدید پیداواری صلاحیت، بین الاقوامی معیار پر مبنی کاروباری حکمتِ عملی اور شفافیت کے باعث متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کر چکا ہے۔ صنعتی زون نے اس موقع پر چوہدری فیصل رشید اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کی صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
