اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) استحکامِ پاکستان پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری چوہدری عبدالرؤف کی جانب سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر سردار طاہر کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر علیم خان تھے جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر احسن بختاوری، تاجر رہنما فراز احمد اور دیگر ممتاز کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر شرکاء نے سردار طاہر کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کی قیادت میں تاجر برادری کے مسائل حل ہونے اور چیمبر کے مزید فعال کردار کی توقع ظاہر کی۔چوہدری عبدالرؤف نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے مسائل کا حل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی کاروباری طبقے کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر علیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تاجروں کے جائز مسائل حل کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجروں کی تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جائے گی تاکہ پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر سردار طاہر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چیمبر آف کامرس کو تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بنانے کے لیے دن رات محنت کریں گے۔
