بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد: پولٹری ٹریڈرز اور ریٹیلرز ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب منعقد

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے معروف تجارتی مرکز ملینیم مارکی، سیکٹر E-11 میں اسلام آباد پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن اور اسلام آباد پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے ممتاز تاجر رہنماؤں اور مارکیٹ نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی صدارت آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر خورشید احمد قریشی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر محمد اجمل بلوچ تھے، جنہوں نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

اسلام آباد پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران میں چیئرمین سردار ظہیر احمد، سینئر وائس چیئرمین سردار زبیر، صدر پیر نعیم عباسی اور جنرل سیکرٹری راجہ تبارک شامل ہیں، جبکہ دیگر عہدیداران نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
اسلام آباد پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران میں چیئرمین سردار وسیم خالق، صدر سید محمود حسین شاہ اور جنرل سیکرٹری شکیل عباسی شامل ہیں۔

تقریب میں صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز محمد اویس ستی، سینئر نائب صدر طیب شیخ، پولٹری راولپنڈی منڈی آڑھت ایسوسی ایشن کے صدر ملک غضنفر، جنرل سیکرٹری راجہ زبیر، چیئرمین زاہد عباسی، نائب صدر عمر عباسی، راجہ منیر (چیئرمین پنجاب پولٹری)، راجہ طالب (ریجنل صدر پنجاب پولٹری ٹریڈرز)، ایف-10 مرکز کے چیئرمین طاہر عباسی، جی-9 مرکز کے صدر راجہ ذوالفقار، جی-10 مرکز کے صدر کامران کاکاخیل سمیت اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے صدور و جنرل سیکرٹریز، سابق سینیئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر خالد چوہدری اور دیگر معززین شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں صدر آل پاکستان انجمن تاجران محمد اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ ایک فعال اور مخلص قیادت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے پولٹری سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صدر جمعیت القریش خورشید احمد قریشی نے کہا کہ تاجر برادری کا اتحاد ملکی معیشت کی مضبوطی کا ضامن ہے اور نومنتخب قیادت کو دیانت داری سے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔

نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولٹری ریٹیلرز اور ٹریڈرز کو درپیش مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی اور تاجر برادری کے وقار اور حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی گئی اور نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

مزید خبریں