نیویارک(روشن پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے نمائندوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور پاکستانی وفد نے بھی بھرپور شرکت کی۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان نقوی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدامات کو روکنے کے لیے اقوام عالم کو فوری اور مؤثر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔” انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں جاری نسل کشی پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے۔
سید ذیشان نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی درندگی اور فلسطینی عوام پر ظلم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کے سربراہان نے امریکی صدر ٹرمپ سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرے کے شرکاء نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی، جبکہ عالمی برادری سے فلسطینیوں کے حق میں عملی اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔