اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور میر گروپ کے چیئرمین شکیل احمد میر نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں “وژن پاکستان 2030” منصوبے کا باقاعدہ اعلان کیا، جسے ملک کی نوجوان نسل، سیلاب متاثرین اور معیشت کے استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شاہد آفریدی کو وژن پاکستان 2030 کا برانڈ ایمبیسڈر نامزد کیا گیا، جبکہ چیئرمین میر گروپ نے منصوبے کی تفصیلات اور اس کے قومی اثرات پر روشنی ڈالی۔
شکیل احمد میر نے کہا کہ وژن پاکستان 2030 تین بنیادی ستونوں پر مبنی ہے: نوجوانوں کو بااختیار بنانا، پائیدار سیاحت اور جدید ہاؤسنگ کے منصوبے، اور مقامی کاروباروں کو عالمی سطح پر فروغ دینا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وژن کے تحت میر گروپ ایک فری آن لائن پلیٹ فارم لانچ کر رہا ہے جہاں نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں، مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر ٹیکنالوجی ٹولز کی مفت تربیت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2030 تک ایک کروڑ نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت دی جائے گی، جبکہ پہلا مرحلہ 2025 تک مکمل ہوگا، جس میں 10 لاکھ نوجوانوں کی شمولیت متوقع ہے، جن میں سیلاب متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی نے اس منصوبے کو قوم کی امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت، نجی شعبہ اور عوام مل کر کام کریں تو پاکستان چند ہی سالوں میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کا نوجوان طبقہ ہے، اور یہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
مزید پڑھیں: کیا پاکستان اب بھی ایشیا کپ فائنل کھیل سکتا ہے؟
شکیل احمد میر نے سیاحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور سیاحتی مواقع سے مالا مال ملک ہے، مگر انفراسٹرکچر کی کمی اس شعبے کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں شمالی علاقہ جات اور دیگر اہم سیاحتی مقامات پر 21 سروسڈ اپارٹمنٹ ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ساتھ ہی، ملک کے ہر ضلع میں بجٹ فرینڈلی اور پائیدار گھروں کی تعمیر کا بھی منصوبہ ہے، جبکہ آخری مرحلے میں سمارٹ سٹیز کی تعمیر کی جائے گی تاکہ پاکستان جدید شہروں کی فہرست میں شامل ہو سکے۔
مقامی کاروباروں کے فروغ کے حوالے سے شکیل احمد میر نے “The Business Hub” منصوبے کا اعلان کیا، جس کا مقصد مقامی بزنسز اور انویسٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ملک کے بڑے شہروں میں فزیکل بزنس ہبز بنائے جائیں گے۔
شاہد آفریدی اور شکیل احمد میر دونوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ وقت صرف ہمدردی کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہی وژن پاکستان 2030 کا اصل مقصد ہے۔ اس منصوبے کو نہ صرف نوجوانوں کی بحالی بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے مثبت تشخص کے لیے بھی ایک گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔
وژن پاکستان 2030 کو ایک قومی تحریک اور روشن مستقبل کی سمت میں پہلا مضبوط قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کی قیادت کر رہے ہیں شاہد خان آفریدی اور میر گروپ کے چیئرمین شکیل احمد میر۔