اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سعودی نیشنل ڈے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مستحکم اور گہرے تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ان کے لیے دوسرا گھر ہے جہاں انہوں نے تقریباً بیس سال گزارے، کام کیا اور اپنے بچوں کی پرورش کی۔
سحر کامران نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کو قریب سے دیکھا ہے اور وہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 سے بے حد متاثر ہیں، جس نے ملک کو اقتصادی اور سماجی میدان میں غیر معمولی ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حالیہ اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پاکستان کے لیے بھی خوش آئند ہیں اور دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا جو دونوں ملکوں کی سلامتی اور خوشحالی کو مضبوط کرے گا۔ سحر کامران نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ایک دوسرے کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:سحر کامران نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو تاریخی اور اہم سنگ میل قرار دے دیا
سحر کامران نے جدہ میں بنائی گئی دو ممالک کے جھنڈوں کی تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کے انگوٹھے کے نشانات شامل ہیں، جو ان کا سعودی عرب کے لیے محبت، احترام اور خلوص کا اظہار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مضبوط اور ہمیشہ قائم رہے گی، اور دونوں ممالک مل کر خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
سحر کامران نے اس موقع پر کہا:
“سعودی عرب کی ترقی اور وژن 2030 نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے، اور پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ اس وژن سے سیکھتے ہوئے اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔ ہماری دونوں قومیں برادرانہ رشتوں میں بندھی ہوئی ہیں، اور ہم اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔”
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام جاری ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی اور استحکام کا باعث بنے گا۔