منگل,  23  ستمبر 2025ء
سینئر صحافی مظہر اقبال کے انتقال پر سپیکر قومی اسمبلی، وزیر اطلاعات اور دیگر اہم شخصیات کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سینئر صحافی مظہر اقبال کے روڈ حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم مظہر اقبال کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظہر اقبال ایک باصلاحیت صحافی تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سینئر صحافی مظہر اقبال کی وفات صحافت کے شعبے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی سینئر صحافی مظہر اقبال کی سڑک حادثہ میں انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ۔ وزیراطلاعات نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظہر اقبال نے آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظہر اقبال صحافت کے معیار اور اُصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کرنے والے صحافیوں کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مظہر اقبال کے انتقال سے شعبہ صحافت میں پیدا ہونے والا خلاء تادیر پُر نہیں ہو سکے گا۔۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز انتقال کرگئے

وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے سینئر صحافی مظہر اقبال کے سڑک حادثہ میں انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے کہا ہے کہ مظہر اقبال ایک بااصول، باہمت اور کہنہ مشق صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافتی اقدار کو فروغ دیا۔

مزید خبریں