منگل,  23  ستمبر 2025ء
سیکرٹری ہاؤسنگ کی راولپنڈی کو خوبصورت بنانے کے لیے پی ایچ اے کے اقدامات کی تعریف

راولپنڈ(عرفان حیدر) سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیپٹن (ر) نورالامین نے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کے تحت شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات کو سراہا ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے مری روڈ سمیت راولپنڈی شہر کی مختلف شاہراہوں، پارکس اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی کے لیے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی قیادت میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی، پارکس کی بہتری، اور گرین بیلٹس کو دیدہ زیب بنانے کے حوالے سے پی ایچ اے کی کوششوں کی تعریف و توثیق کی۔

کیپٹن (ر) نورالامین نے راولپنڈی کے پارکس میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور جاکنگ ٹریکس کی دستیابی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ان سہولیات کو مزید وسعت دی جائے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو راولپنڈی کی خوبصورتی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے پی ایچ اے کے افسران اور عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے شفافیت، محنت اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے پی ایچ اے راولپنڈی کے اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور شہر کی بہتری کے لیے ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق سرسبز بنائیں گے، ڈی جی پی ایچ اے

مزید خبریں