منگل,  23  ستمبر 2025ء
سپر ٹائیفون راگاسا کے پیش نظر چین کے 10 شہروں میں اسکول، کاروبار بند

بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) جنوبی چین کو سپر ٹائیفون راگاسا کے سنگین اثرات کا سامنا ہے، جس کے قریب آتے ہی متعدد شہروں میں حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے کم از کم 10 شہروں میں اسکولز، کاروباری مراکز اور کچھ پروازیں معطل کر دی گئیں ہیں۔

ٹائیفون کی گردشی ہوائیں تقریباً 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، اور راگاسا کو سال 2025 کا سب سے طاقتور طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔

متوقع طور پر یہ طوفان گوانگڈونگ صوبے کے شینژن اور ژوون کاؤنٹی کے درمیان ساحلی علاقے میں بدھ کو لینڈ فال کرے گا۔

چینی ٹیک ہب شینژن نے 4 لاکھ افراد کو نکالنے کا حکم دیا ہے جبکہ شہر کے ہنگامی انتظامی حکام نے شدید آندھی، بارش، لہروں اور سیلاب کی وارننگ دی ہے۔

مزید پڑھیں: غزہ میں بڑے زمینی آپریشن کی تیاری، نیتن یاہو کی رہائشیوں کو فوری علاقہ خالی کرنے کی وارننگ

ممکنہ طوفان کے خطرے نے کئی چینائی ریاستی و مقامی حکومتوں کو اسکول اور کاروبار بند کرنے اور آمد و رفت کی پابندیاں عائد کرنے پر مجبور کیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، فیری سروسز، اور کئی صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی بندش کا شکار ہونگی۔

اس کے علاوہ سمندر کی سطح میں شدید اضافے، طوفانی بارش اور بڑے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے۔ اس طوفان سے خاص طور پر وہ علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جو ماضی میں بھی بڑے طوفانوں کی زد میں آئے تھے۔

چینی محکمہ موسمیات نے شدید بارش اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر رہائشیوں سے محتاط رہنے، دروازے اور کھڑکیاں محفوظ کرنے، ایمرجنسی کٹس تیار رکھنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں