واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدامات کو نمائشی قرار دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور دیگر ممالک کا فلسطین کو تسلیم کرنا نمائشی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح نمائشی اعلانات نہیں بلکہ سنجیدہ سفارتکاری ہے۔ اور امن، اسرائیل کی سیکیورٹی اور یرغمالیوں کی رہائی ہماری ترجیح ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن وخوشحالی صرف حماس کے بغیر ممکن ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا کے بعد آج فرانس بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے والے بڑے ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق باضابطہ اعلان سے پہلے ہی فرانس میں ایفل ٹاور پر فلسطین کے پرچم لگا دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ ، آسٹریلیا اور کینیڈا کا فلسطین کو باضابطہ تسلیم کرنے کا اعلان
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف حکمت عملی ناکام ہو گئی۔ اور غزہ جنگ سے اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے دوریاستی حل ضروری ہے۔