هفته,  20  ستمبر 2025ء
ہفتہ وار بازار ہمارا روزگار ہے، بندش نہیں مانیں گے! ڈی ایم اے کے خلاف دکانداروں کا بھرپور احتجاج

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ایچ نائن ہفتہ وار بازار ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک محمد آصف کی قیادت میں اسٹال ہولڈرز نے ڈائریکٹر ڈی ایم اے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں دکانداروں اور مزدوروں نے شرکت کی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے کے رویے اور پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈی ایم اے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے فیصلے نہ صرف اسٹال ہولڈرز کے روزگار پر منفی اثر ڈال رہے ہیں بلکہ ان کے گھروں کے چولہے بھی بجھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈائریکٹر ڈی ایم اے کی جانب سے غیر ضروری دباؤ، بھاری جرمانے اور سخت شرائط مسلط کی جا رہی ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔اس موقع پر ملک محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار بازار سینکڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ ہیں مگر ڈی ایم اے حکام کے غیر منصفانہ اقدامات محنت کش طبقے کو معاشی بدحالی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اسٹال ہولڈرز کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے کو ہٹایا جائے۔مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور اسلام آباد بھر کے ہفتہ وار بازار بند کر دیے جائیں گے۔

مزید خبریں