جدہ (روشن پاکستان نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر جدہ کی سماجی و صحافتی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کی نظامت معروف صحافی محمد عدیل نے کی۔ تقریب میں کیک کاٹا گیا اور مقررین نے کہا کہ پاک سعودی دوستی تاریخ کی ایک مثالی رشتہ ہے، ہم ایک قلب اور دو جانیں ہیں۔
مہمانِ خصوصی حاجی عثمان تھے جبکہ تقریب میں پاکستان اوورسیز میڈیا کے صدر شعیب الطاف، یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان، سینئر صحافی فواد احمد سواتی اور بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اس معاہدے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کی بنیاد کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ پاکستان اوورسیز میڈیا کے صدر شعیب الطاف کا کہنا تھا کہ 78 سال کی دوستی میں یہ سنگ میل انتہائی خوشی کا لمحہ ہے جس سے باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔ صحافی محمد عدیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی روشن بنائے گا۔
بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تجارتی تعاون ایک ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور یہ معاہدہ کاروباری و اقتصادی تعلقات کے لیے بھی خوش آئند ثابت ہوگا۔ تقریب کے آخر میں کیک کاٹ کر پاک سعودی دوستی کا جشن منایا گیا اور شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی برادرانہ محبت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی