کولمبو(روشن پاکستان نیوز) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری ساف انڈر17 فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی جونیئر فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
جمعہ کے روزکھیلے گئے گروپ میچ میں پاکستان نے مالدیپ کوایک یکطرفہ مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں برتری حاصل کرلی جسے بعدازاں مزید گولزکے ذریعے مستحکم کیا۔
قومی ٹیم کے فارورڈزنے عمدہ مہارت اورتیزرفتارکھیل سے حریف دفاع کومسلسل دباؤ میں رکھا جبکہ گول کیپر نے کئی اہم مواقع پرشانداردفاع کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے گروپ میچ میں بھوٹان کو 0-4 سے شکست دے کرٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغازکیا تھا، لگاتاردوفتوحات کے بعد پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرگئی ہے۔
فٹبال شائقین اورکھیلوں کے ماہرین نے قومی انڈر17 ٹیم کی کامیابی کوخوش آئند قراردیا ہے اورامید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی اسی جوش وجذبے کیساتھ آگے بڑھتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کا افتتاح 9 ستمبر اور فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا، بھارت نے 8 بار ٹائٹل اپنے نام کیا
پاکستان کا اگلا میچ سیمی فائنل میں خطے کی ایک مضبوط ٹیم کے خلاف متوقع ہے، جس کے لئے بھرپور تیاری جاری ہے۔