بدھ,  05 نومبر 2025ء
شہریار میمن کی اہم تقرری، نوجوانوں کے لیے روشن مواقع کی نوید

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت اور وژن کے تحت شہریار میمن کو وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام میں اوورسیز و کاروباری امور کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس اہم تقرری پر ارشد گہل، ڈاکٹر حزب اللہ خان، عابد شاہ، سردار حمزہ عباسی سمیت یوتھ پروگرام کے دیگر عہدیداروں نے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران نوجوانوں کی فنی تربیت، آئی ٹی سیکٹر میں جدت اور بین الاقوامی مواقع کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہریار میمن نے کہا کہ ان شاء اللہ مستقبل قریب میں نوجوانوں کو بیرونِ ملک لے جا کر جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

شرکاء نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی گئی ہے اور شہریار میمن کی تقرری اسی وژن کا عملی ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی نوجوانوں کی ترقی اور قومی تعمیر و ترقی میں کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور ملکی ترقی کا محرک بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔

شہریار میمن نے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایسے شعبے میں خدمات انجام دیں جو ان کے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں، تجربہ اور بین الاقوامی روابط نوجوانوں کے لیے وقف کریں گے۔ مزید کہا کہ وہ حکومتی اداروں، سفارتی مشنز اور بین الاقوامی تنظیموں سے قریبی روابط قائم کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر منسلک کریں گے۔

ملاقات میں شریک تمام شخصیات نے شہریار میمن کی تقرری کو مثبت قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی مارکیٹ میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزید خبریں