جمعرات,  18  ستمبر 2025ء
کیا سم کارڈ ختم ہورہا ہے؟ ای سم ٹیکنالوجی کی انٹری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایپل نے حال ہی میں اپنا نیا آئی فون ایئر متعارف کرایا ہے جو دنیا کا پہلا ایسا ماڈل ہے جو صرف ای سم کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔ کمپنی کی جانب سے یہ اعلان سامنے آنے کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ کیا سِم کارڈ کا خاتمہ ہونے جا رہا ہے؟

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سِم کارڈ سے متعلق تو سب کو ہی آگاہی حاصل ہے ہی کہ ایک چھوٹی سی چپ ہے جو ہمیں موبائل نیٹ ورک تک رسائی فراہم کرتی ہے۔

دنیا بھر کے صارفین گزشتہ تین دہائیوں سے اسی چھوٹے سے پلاسٹک کارڈ پر انحصار کرتے چلے رہے ہیں لیکن اب ٹیکنالوجی نے اپنی سمت تبدیل کرلی ہے، ای سم اسی سم کارڈ کا ڈیجیٹل ورژن ہے، جو فون کے اندر ہی ہوتا ہے، اسے کسی ٹرے میں ڈالنے یا نکالنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ میں ایپل نے سب سے پہلے 2022 سے صرف ای سم والے آئی فون کی فروخت شروع کی تھی، اب آئی فون ایئر کے ذریعے یہ سہولت عالمی سطح پر متعارف ہونے جارہی ہے۔

ایپل کی جانب سے اٹھایا جانے والا یہ اقدام ایک بڑی تبدیلی کی علامت سمجھا جارہا ہے۔

ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ’سِم کارڈ کے خاتمے کی ابتدا‘ ہے۔ سی سی ایس انسائٹ کے اندازوں کے مطابق 2024 میں دنیا بھر میں 103 کروڑ اسمارٹ فون ای سم استعمال کر رہے تھے اور 2030 تک ممکنہ طور پر یہ تعداد بڑھ کر 301 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

بہت سی نامور کمپنیاں ای سم کی جانب بڑھ رہی ہیں، تاہم فی الحال وہ سِم کارڈ کے ساتھ ساتھ ای سم کا آپشن بھی دیتی ہیں مگر مستقبل میں یہ صورتحال یکسر تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: زمین کی اندرونی تہہ میں کیا چھپا ہے، سائنسدان جاننے میں کامیاب

مزید خبریں