بدھ,  17  ستمبر 2025ء
میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی ٹیم اور منیجر سے معافی مانگ لی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) متنازع میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور ٹیم منیجر سے معافی مانگ لی۔ اینڈی پائی کرافٹ کی معافی مانگنے کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی۔

ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ٹاس کے وقت ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کرنے پر میچ ریفری کپتان سلمان آغا اور ٹیم منیجر سے معافی مانگ لی۔

اینڈی پائیکرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی ، وہ پاکستان اور یو اے ای کے آج کے میچ میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے پی سی بی کے میچ ریفری کو ہٹانے کے مطالبے کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر لیا

دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اینڈی پائیکرافٹ نے معذرت کر لی ہے ، کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے۔ کرکٹ کو ساری چیزوں سے بالاتر رہنے دیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی سی سی کو درخواست دی تھی کہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے وزیراعظم سمیت بہت سارے لوگ اس فیصلے میں شامل تھے۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دو خطوط لکھے تھے، جس میں پی سی بی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف کوئی ایکشن نہ لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں