اسلام آباد/ریاض(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کے لیے سفر کے دوران فضائی حدود میں غیر معمولی اور شاندار استقبال کیا گیا۔ جیسے ہی وزیر اعظم کا سرکاری طیارہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا، سعودی ایوی ایشن حکام نے خصوصی پروٹوکول دیتے ہوئے وزیر اعظم کو سلیوٹ پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جہاز کے کیپٹن سے گفتگو کے دوران سعودی حکومت کے تعاون اور خیرسگالی کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر دور میں مضبوط رہے ہیں، اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
سعودی فضائیہ کی طرف سے طیارے کو اسکواڈرن لیول پر سلامی دی گئی، جو کہ ایک منفرد اعزاز ہے۔ اس طرح کا پروٹوکول اس سے قبل کسی پاکستانی وزیراعظم کو فضائی حدود میں نہیں دیا گیا۔
مزید پڑھیں: عرب اسلامی سربراہ اجلاس: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد ، ترک صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
شہباز شریف کے اس دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سفارتی تعلقات کے لیے ایک نیا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے میں اہم معاہدے اور سرمایہ کاری کے اعلانات ہوں گے۔