منگل,  16  ستمبر 2025ء
اسلام آباد: انسدادِ منشیات کی مربوط حکمتِ عملی کے لیے “نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کنٹرول سینٹر” کا قیام، پانچ روزہ ورکشاپس کا آغاز

اسلام آباد (عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ہیڈکوارٹرز میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (UNODC) اور آئی این ایل پاکستان کے تعاون سے “نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کنٹرول سینٹر (NCNC2)” کے قیام کا عمل شروع ہو گیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں انسدادِ منشیات کی کاوشوں کو ہم آہنگ اور مربوط بنانا ہے۔

اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر پانچ روزہ ورکشاپس کی سیریز کا آغاز 15 ستمبر 2025 کو ہوا، جس کا عنوان ہے:
“منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد کے لیے ہم آہنگی کے طریقۂ کار کے قیام”
ان ورکشاپس میں قومی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز شریک ہیں، تاکہ مشترکہ اقدامات کو مضبوط بنا کر پاکستان کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

ورکشاپس کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالموید ہلال امتیاز (ملٹری) نے ابتدائی خطاب کیا۔ انہوں نے قومی سطح پر انسداد منشیات کے لیے مربوط اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے بعد یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹو ٹروئلز ویسٹر اور ڈائریکٹر آئی این ایل پاکستان ڈاکٹر لاین نیلسن نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور علاقائی تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

تقریب میں بریگیڈیئر سید عمران علی (سیکرٹری انٹر ایجنسی ٹاسک فورس / ڈائریکٹر انفورسمنٹ اے این ایف) نے شرکاء کو NCNC2 کے کردار، افادیت اور اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موثر ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ انٹیلی جنس کے ذریعے اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن: تعلیمی اداروں کے اطراف اور شہروں میں منشیات اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام، 6 ملزمان گرفتار

بعد ازاں مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفصیلی پریزنٹیشنز دیں، جن میں ڈیٹا شیئرنگ، تجزیاتی صلاحیتوں، اور کیس مینجمنٹ سسٹمز کو بہتر بنانے کے عملی طریقے زیرِ بحث آئے۔

ان ورکشاپس کا مقصد اداروں کے درمیان پائیدار تعاون کو فروغ دینا ہے، تاکہ انسدادِ منشیات کی کارروائیاں انٹیلی جنس پر مبنی، مربوط اور منظم طریقے سے انجام دی جا سکیں۔ شریک اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کو منشیات کی لعنت سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

مزید خبریں