راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — حکومتِ پنجاب کی جانب سے راولپنڈی کی عوام کے لیے ایک شاندار تحفہ، اڈیالہ پبلک پارک کو جدید ترین تفریحی سہولیات سے آراستہ “اسٹیٹ آف دی آرٹ” پارک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پارک کی اپ گریڈیشن کا کام دن رات جاری ہے، جس کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا خود کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے اڈیالہ پارک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پارک کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور پارک کی بہتری کے لیے متعدد اہم ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق راولپنڈی کی عوام کو صحت مند، محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا پی ایچ اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ پارک نہ صرف ایک تفریحی مقام ہوگا بلکہ یہ شہریوں کے لیے صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کا مرکز بھی بنے گا۔
پارک میں جدید سہولیات شامل کی جا رہی ہیں جن میں جوگنگ اور سائیکلنگ ٹریک، اوپن ائیر جم، منی گالف ایریا، انڈور گیم ہال، کرکٹ اور فٹسال ایریاز، ٹینس کورٹ، اے ٹی وی ٹریک، اسکیٹنگ رنگ اور ایک خوبصورت واٹر پونڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے خصوصی پلے ایریا، دلکش طرزِ تعمیر کا کیفے، زِپ لائن اور پینٹ بال جیسی سرگرمیوں کو بھی پارک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کی بڑی کارروائی: طورخم بارڈر پر شہد کے ٹرک سے 22 کلوگرام منشیات برآمد، افغان اسمگلر گرفتار
احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ پارک کی تزئین و آرائش میں عوام کی دلچسپی، سہولت اور جدت کو مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ راولپنڈی کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی تفریح میسر آ سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، اور اڈیالہ پارک کی اپ گریڈیشن راولپنڈی کے عوام کے لیے ایک مثالی تفریح گاہ ثابت ہوگی۔