اتوار,  14  ستمبر 2025ء
اسرائیلی حملے کا سخت اور مؤثر جواب دیا جانا چاہیے، قطری وزیراعظم

دوحہ(روشن پاکستان نیوز) قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کا سخت اور مؤثر جواب دیا جانا چاہیے، اب وقت آگیا ہےکہ عالمی برادری دوہرا معیار چھوڑ دے۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر سے اظہار یکجہتی کیلئے عرب اور اسلامی ممالک کا دوحہ میں دو روزہ اجلاس جاری ہے۔

آج عرب واسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت سعودی، ترک، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب میں قطرکے وزیراعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان کا کہنا تھاکہ عرب ممالک نے قطر میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی اور قطر کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے قانونی اقدامات کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے کا سخت اور مؤثر جواب دیا جانا چاہیے، اب وقت آگیا ہےکہ عالمی برادری دوہرا معیار چھوڑ دے اوراسرائیل کو اس کے تمام جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔

قطری وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسرائیل فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا، اسرائیلی حکومت مسلسل ایک کے بعد ایک جنگ بندی تجویز مسترد کر رہی  ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت جان بوجھ کرجنگ کادائرہ خطے کے دیگر ممالک تک پھیلارہی ہے اور اسرائیلی اقدامات غزہ جنگ بندی کیلئے ہماری ثالثی کوششوں کونہیں روک سکتے۔

خیال رہے کہ کل ہونے والے سربراہی اجلاس میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے تحت اسرائیل کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کی جائے گی، سربراہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا اور مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا تھا تاہم حماس قیادت محفوظ رہی اور 5 فلسطینیوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: قطر پر حملے سے ٹرمپ ناخوش ہیں لیکن اسرائیل سے تعلقات بہت مضبوط ہیں: امریکی وزیر خارجہ

شہید ہونے والوں میں سینیئر حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے اور معاون بھی شامل تھے۔

مزید خبریں