هفته,  13  ستمبر 2025ء
لندن: برطانیہ میں نئی قوم پرستی کی لہر، غیر ملکیوں کے خلاف سخت قوانین کا مطالبہ، لاکھوں افراد کا مظاہرہ

لندن (روشن پاکستان نیوز)  برطانیہ میں حالیہ دنوں ایک نئی نیشنلزم (قوم پرستی) کی لہر تیزی سے ابھرتی جا رہی ہے، جس کے تحت مقامی باشندوں کے حقوق کو ترجیح دینے اور دیگر ممالک سے آ کر آباد ہونے والوں کے خلاف سخت قوانین کے نفاذ کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

اسی جذبے کے تحت آج لندن میں ایک بڑے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مظاہرین نے بینرز اور قومی پرچموں کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق مظاہرے میں دس لاکھ افراد نے شرکت کی، تاہم پولیس اور بی بی سی نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے شرکاء کی تعداد ایک لاکھ کے قریب بتائی ہے۔

مظاہرے کے دوران برطانوی قوم پرستی کے نعرے لگائے گئے، اور گھروں، دکانوں، چوراہوں حتیٰ کہ گاڑیوں پر بھی برطانیہ کے جھنڈے لہرائے گئے۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ برطانوی اقدار، روزگار، سہولیات اور شناخت کو محفوظ بنانے کے لیے امیگریشن قوانین میں سختی کی جائے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ نئی نیشنلزم کی تحریک نہ صرف برطانیہ کی سیاست پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے بلکہ اقلیتوں اور تارکینِ وطن کے لیے بھی ایک نیا چیلنج بن کر ابھر رہی ہے۔

تاحال برطانوی حکومت کی جانب سے مظاہرے پر کوئی باقاعدہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے عام انتخابات میں نیشنلزم ایک اہم انتخابی مسئلہ بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیںـ برطانیہ میں اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی کا پلانٹ بند

مزید خبریں