هفته,  13  ستمبر 2025ء
چکری روڈ پر واقع عبداللہ سٹی میں منصوبہ بند ہنگامہ آرائی، مقامی پراپرٹی ڈیلرز ملوث قرار

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)  چکری روڈ پر واقع رہائشی منصوبے عبداللہ سٹی میں جمعہ کے روز پیش آنے والے دلخراش واقعے کے اصل حقائق سامنے آ گئے ہیں۔ واقعے کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا جا رہا ہے، جس میں مقامی پراپرٹی ڈیلرز کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، وقاص اور ساجد نامی افراد جو نہ صرف مقامی ہیں بلکہ علاقے میں پراپرٹی ڈیلنگ سے بھی وابستہ ہیں، نے چند دیگر افراد کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ بندی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقاص نے عبداللہ سٹی میں زمین کی مد میں کروڑوں روپے وصول کیے، مگر متعدد بار وعدوں کے باوجود زمین کی ٹرانسفر نہیں کی گئی۔ ٹال مٹول اور تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے وقاص مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث رہا۔

جمعہ کے روز، جب سوسائٹی کا عملہ ہفتہ وار چھٹی پر تھا، وقاص نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک پہلے سے تیار کردہ پلان کے تحت تقریباً 70 سے 80 افراد، جن میں مسلح افراد، غنڈے، ٹریکٹر اور دیگر گاڑیاں شامل تھیں، کے ہمراہ سوسائٹی میں زبردستی داخل ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق، سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈز نے جب انہیں روکنے کی کوشش کی تو ان پر تشدد کیا گیا، اور اس کے بعد اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ، بدتمیزی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی اس لیے کی گئی تاکہ وقاص کروڑوں روپے کی رقم کو ہڑپ کر سکے اور زمین فراہم نہ کرنے کا جواز پیدا ہو۔

واضح رہے کہ وقاص پہلے ہی مبینہ طور پر کروڑوں روپے وصول کر چکا ہے، مگر اب تک ایک مرلہ زمین بھی سوسائٹی کو فراہم نہیں کی گئی۔ حملہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ تھا تاکہ مزید افراد کو دھمکا کر رقم اینٹھنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

عبداللہ سٹی انتظامیہ نے اس واقعے سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اس واقعے کا سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، اور ہم اس گھناؤنی سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔”

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ قانونی کارروائی پر غور کر رہی ہے تاکہ نہ صرف سوسائٹی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے بلکہ اس واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

مزید خبریں