اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایشیا کپ 2025 میں سب کی نظریں روایتی حریف پاکستان اور بھارت پر گڑی ہیں۔
ایشیا کپ 2025 جاری ہیں اور اس ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہو گا۔ جو اتوار 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
روایتی حریت ایشیا کپ ایک سے زیادہ بار اپنے نام کر چکے ہیں اور اس بار بھی دونوں ملکوں کی ٹیموں کا پلڑا بھاری نظر آ رہا ہے۔
پاکستان اب تک 2 بار ( 2000 اور 2012) ایشیا کپ کا فاتح رہا ہے تاہم بھارت یہ ٹائٹل 8 بار (1984، 1988، 1990، 1995، 2010، 2016، 2018 اور 2023) اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا۔
ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 19 میچز کھیلے گئے۔ جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ جبکہ 3 میچز بارش کی نظر ہو گئے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں بھارت نے 2 اور پاکستان نے ایک بار کامیابی حاصل کی۔
1984 میں بھارت 54 رنز سے جیتا، 1988 میں بھارت کو چار وکٹوں سے فتح حاصل ہوئی۔ 1995 میں پاکستان نے بھارت کو 97 رنز سے شکست دی، 1997 میں میچ بغیر کھیلے بے نتیجہ رہا، 2000 میں پاکستان نے 44 رنز سے فتح حاصل کی۔
2004 میں پاکستان 59 رنز سے فتح یاب رہا، 2008 میں دونوں ٹیمیں ایونٹ میں دو بار آمنے سامنے آئیں۔ پہلے میچ میں بھارت نے چھ وکٹوں سے میچ جیتا جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے 8 وکٹوں سے جیتا۔ 2010ء میں بھارت تین وکٹوں سے فتح یاب رہا۔
2016 میں بھارت پانچ وکٹوں سے کامیاب ہوا۔ 2018 میں بھی دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے آئیں۔ پہلا میچ بھارت نے 9 وکٹوں جبکہ دوسرا میچ 8 وکٹوں سے جیتا۔ 2022 میں بھی دو میچ کھیلے گئے، پہلا میچ پانچ وکٹوں سے بھارت کے نام رہا، دوسرا میچ پاکستان نے 5 وکٹ سے جیتا۔
2023ء میں بھی ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے آئیں۔ پہلا میچ بے نتیجہ رہا جبکہ دوسرا میچ بھارت نے 228 رنز سے جیتا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی سپریم کورٹ نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
سال 2025 ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں ہی مضبوط ہیں اور حالیہ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھا چکی ہیں۔ تاہم ماضی کے ایشیا کپ میں بھارت کی برتری رہی اور وہ اسے رواں سال بھی قائم رکھنے کی کوشش کرے گا۔
پاکستان کو جیتنے کے لیے اچھی شروعات، مضبوط بیٹنگ، اور دورانِ میچ دباؤ برداشت کرنے کی ضرورت ہو گی۔ ٹورنامنٹ میں حالات کا بھی کافی عمل دخل رہے گا۔ جیسے پچ کا مزاج، موسمی حالات اور ٹاس بھی اہم کردار ادا کریں گے۔