اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سے خواتین کی 18 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کردیے جبکہ قومی اسمبلی سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی خواتین کی نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیے، مجموعی طور پر 18 مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔
قومی اسمبلی کے مزید 4 حلقوں سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکشن بھی جاری کردیے جبکہ انتخابی عذر داریوں پر بھی سماعت جاری رہی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی کی خواتین کی 10 مخصوص نشستیں پیپلزپارٹی اور 4 ایم کیوایم کو دی گئیں۔
فہرست میں شازیہ مری، نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی، شاہدہ رحمانی، شہلا رضا،ناز بلوچ اور مہرین رزاق بھٹو مخصوص نشستوں پر کامیاب قرار دینے والوں میں شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے آسیہ اسحاق صدیقی، سبین غوری، نگہت شکیل خان بھی مخصوص منتخب ہوئیں۔
بلوچستان سے خواتین کی قومی اسمبلی کی 2 مخصوص نشستیں ن لیگ، ایک پیپلز پارٹی اور ایک جے یو آئی کو دی گئی جبکہ بلوچستان اسمبلی سے خواتین کی 11 مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے۔
مزیدپڑھیں:انتخابات میں مبینہ دھاندلی: پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنیکا اعلان
اس کے علاوہ قومی اسمبلی سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی خواتین کی نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 27 سے آزاد امیدوار اقبال خان، این اے 38 سے آزاد امیدوار شاہد احمد، این اے 40 سے جے یو آئی کے مولانا مصباح الدین، این اے 43 سے داور خان کنڈی کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے 6 مزید کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے جبکہ پی پی 289 ڈی جی خان سے آزاد امیدوار محمود قادر خان کامیاب قرار پائے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 68 گجرانوالہ سے کامیاب امیدوار ارقم خان کا نوٹیفکیشن معطل کردیا، ارقم خان پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تھے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 23، این اے 116، پی کے 57، پی پی 285 تونسہ سے متعلق انتخابی عذرداری پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
این اے 75 نارووال کے آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہئوے کامیاب ن لیگ کے امیدوار کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ پی پی 169 سے میاں محمودالرشید کی درخواست پر سماعت4 مارچ تک ملتوی کر دی۔











