هفته,  06  ستمبر 2025ء
پریس کلب آف پاکستان یوکے کے جنرل انتخابات مکمل، نئی قیادت کا صحافت اور کمیونٹی کی خدمت کا عزم

مانچسٹر(ندیم طاہر) پریس کلب آف پاکستان یوکے رجسٹرڈ کے جنرل انتخابات کا عمل کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے، جس میں برطانیہ بھر سے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ یہ انتخابات نہ صرف تنظیمی شفافیت کا مظہر تھے بلکہ پاکستانی کمیونٹی کی صحافت سے وابستگی اور شعور کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافی، ادیب اور کمیونٹی ورکرز اس پلیٹ فارم کے ذریعے کئی برسوں سے اپنی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں، اور انہی روایات کو جاری رکھنے کے لیے ہر سال انتخابات منعقد کیے جاتے ہیں۔

اس مرتبہ انتخابی عمل معروف ماہر معاشیات راسب خان کی سرپرستی میں مکمل ہوا۔ بیشتر عہدوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کلب کے اندر ہم آہنگی، اتحاد اور تنظیمی استحکام پایا جاتا ہے۔ محمود اصغر چوہدری کو بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا، جبکہ حبیب الرحمان سیکرٹری جنرل اور سمیرا اشرف فنانس سیکرٹری کے طور پر کامیاب ہوئیں۔ نومنتخب صدر نے اعلان کیا کہ ان کی کابینہ صحافت کے فروغ اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

کابینہ میں سید رضوان شاہ کو سینیئر نائب صدر، آصف مغل نائب صدر، سحر علی چیف کوآرڈینیٹر، ندیم طاہر ڈپٹی سیکرٹری جنرل، عامر مقصود جوائنٹ سیکرٹری، عامر خان ڈپٹی فنانس سیکرٹری، ندیم اختر پریس سیکرٹری، اور راجہ واجد حسین کو ڈائریکٹر میڈیا ایونٹس اینڈ پروگرامز مقرر کیا گیا۔ ایڈیٹوریل بورڈ میں شکیل سلام، انیلا اسلم اور ناصر بخاری شامل ہیں، جبکہ رانا خالد ایونٹ کوآرڈینیٹر، ہارون شاہ سیکرٹری پبلک ریلیشنز، راجہ فاروق کوآرڈینیٹر یورپ، اور ڈاکٹر فہد کوآرڈینیٹر ایجوکیشن اینڈ لٹریری افیئرز نامزد کیے گئے ہیں۔ انعام سہری سرپرست اعلیٰ اور اعجاز افضل چیئرمین کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی میں شوکت قریشی اور چوہدری اظہر اوری شامل ہیں جبکہ چوہدری عارف پندھیر چیف ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ حسن چوہدری ڈسپلنری افیئرز کے سربراہ، تاثر چوہدری ہیڈ آف ایتھکس اینڈ اسٹینڈرڈز اور شکیل قمر ہیڈ آف کلچرل ونگ ہوں گے۔

اجلاس میں سابق صدر شوکت قریشی نے گزشتہ سال کی رپورٹ پیش کی، جس میں کلب کی سرگرمیوں، کانفرنسز اور نوجوان صحافیوں کی تربیت جیسے اہم اقدامات کا ذکر کیا گیا۔ اس موقع پر شعیب چوہدری کو نیا رکن منتخب کیا گیا، جنہیں تمام ممبران نے خوش آمدید کہا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی تاریخ کی سب سے طویل الٹرا میراتھن: 700 کلومیٹر کا ناقابلِ یقین سفر مکمل

پوری پاکستانی کمیونٹی نے اس انتخابی عمل پر خوشی کا اظہار کیا اور کلب کی تنظیمی سالمیت اور اتحاد کو سراہا۔ نو منتخب صدر محمود اصغر چوہدری نے اعلان کیا کہ کلب مستقبل میں صحافت کے طلبہ کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز، کمیونٹی مسائل پر کانفرنسز، ادبی و ثقافتی تقریبات، خواتین کے لیے خصوصی کمیٹیاں اور نوجوانوں کے لیے آن لائن میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک کرے گا۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین اعجاز افضل نے ان ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جو کسی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے اور کہا کہ کلب کی کامیابی ہر رکن کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ انتخابات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی نہ صرف اپنے حقوق سے آگاہ ہے بلکہ مثبت انداز میں اپنی نمائندگی بھی کر رہی ہے۔ نئی قیادت کے ساتھ امید کی جا سکتی ہے کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے رجسٹرڈ مستقبل میں مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں