اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یونائیٹڈ کونسل آف چرچز پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمسن سہیل نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ یہ دن ہمیں اُن عظیم سپاہیوں اور شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔آپریشن بنیان المرصوص بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، یومِ دفاع صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ یہ ہماری قومی یکجہتی، قربانی، حوصلے اور عزم کا استعارہ ہے۔ اس دن پوری قوم نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے جو اپنے وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔آج کا دن ہمیں اس بات کا عہد کرنے کا موقع دیتا ہے کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، اور ہر میدان میں وطن عزیز کے دفاع اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اور ہمیں اتحاد، ایمان اور قربانی کے راستے پر گامزن رکھے۔
