جمعه,  05  ستمبر 2025ء
اے این ایف کی بڑی کارروائی، 25 کلو گرام “آئس” برآمد، منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار

کوئٹہ (عرفان حیدرسے) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سنتھیٹک منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 25 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر لی ہے۔ کارروائی کے دوران گروہ کے سربراہ سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، قومی اور عسکری قیادت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اے این ایف نے سنتھیٹک منشیات کے خلاف فیصلہ کن مہم کے تحت کوئٹہ میں کامیاب کارروائی کی۔ یہ مہم ان گروہوں کے خلاف ہے جو نوجوان نسل کو نشانہ بناتے ہوئے ملک میں آئس اور دیگر مصنوعی منشیات پھیلا رہے ہیں۔

اے این ایف نے انتہائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چاغی سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش گروہ کا سراغ لگایا، جس کی قیادت حاجی رشید اور اس کا بھائی عبدالباری کر رہے تھے۔ یہ گروہ بارا بچہ کے علاقے میں آئس کی تیاری اور ملک بھر میں ترسیل میں ملوث تھا، جبکہ عبدالباقی نامی شخص ان کا مرکزی فرنٹ مین تھا۔

کارروائی ایئرپورٹ چوک، ویسٹرن بائی پاس، کوئٹہ میں کی گئی، جہاں دو گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران 25 پیکٹس برآمد ہوئے، جن میں ہر ایک میں ایک کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) موجود تھی۔ مجموعی طور پر 25 کلوگرام “آئس” قبضے میں لی گئی۔

اے این ایف نے موقع پر موجود گروہ کے تمام اہم ارکان کو گرفتار کر لیا، جنہیں برآمد شدہ منشیات اور ضبط شدہ گاڑیوں سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف پولیس اسٹیشن کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور منشیات کے خلاف عزم کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ میتھ ایمفیٹامائن جیسی سنتھیٹک منشیات نہ صرف نوجوان نسل بلکہ معاشرے اور عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کے لیے بھی شدید خطرہ ہیں۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، غیرملکی سمیت 12 ملزمان گرفتار

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اے این ایف اپنی خصوصی مہم کو مزید مؤثر بناتے ہوئے تعلیمی اداروں، شہروں اور دیہات میں منشیات کے خلاف اپنا دائرہ وسیع کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔

اے این ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو منشیات سے پاک ملک بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں اسی جذبے سے جاری رکھے گی۔

مزید خبریں