راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)پاکستان کی تاریخ کا سب سے طویل اور منفرد الٹرا میراتھن ایونٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ اس عظیم ایونٹ کا آغاز 25 اگست کو سکردو سے ہوا، جہاں سے الٹرا میراتھن چیمپئن جمال سید نے اپنے 15 رکنی ہمراہ ٹیم کے ساتھ 700 کلومیٹر طویل دوڑ کا آغاز کیا، اور بالآخر یہ سفر راولپنڈی بحریہ فیز 7 میں واقع روڈن انکلیو ہیڈ آفس ولایت کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوا۔
اس یادگار موقع پر روڈن انکلیو کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ محمد راشد اور ان کی ٹیم نے جمال سید اور ان کی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔ محمد راشد نے اس موقع پر کہا کہ یہ کارنامہ نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتا ہے بلکہ یہ ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور حوصلے کا پیغام بھی ہے۔روڈن انکلیو اسپورٹس ونگ کے برانڈ ایمبیسڈر محمد اشتیاق کیانی نے کہا کہ 700 کلومیٹر کا یہ ایونٹ پاکستان کے اسپورٹس کلچر میں ایک سنگِ میل ہے، اور جمال سید نے یہ ریس روڈن انکلیو کے نام کر کے ادارے کا وقار مزید بلند کر دیا ہے۔محمد راشد کا کہنا تھا کہ “روڈ رنر” اور روڈن انکلیو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں اور ہمارا مقصد ایسے لیجنڈ پیدا کرنا ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ روڈن انکلیو ایسے پلیٹ فارمز کو مکمل سپورٹ فراہم کرتا رہے گا جو پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر متعارف کروا سکیں۔یہ ایونٹ نہ صرف فزیکل برداشت کا امتحان تھا بلکہ ایک عظیم قومی حوصلے اور جذبے کی علامت بھی ہے، جس نے پاکستان کے اسپورٹس منظرنامے میں نئی روح پھونک دی ہے۔