اتوار,  19 اکتوبر 2025ء
ٹک ٹاک لائیو پر بڑھتی فحاشی: جے یو آئی کا حکومت سے فوری قانون سازی کا مطالبہ
ٹک ٹاک لائیو پر بڑھتی فحاشی: جے یو آئی کا حکومت سے فوری قانون سازی کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ٹک ٹاک لائیو سیشنز میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور غیر اخلاقی مواد پر جمیعت علمائے اسلام (ف) نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سینیٹر طلحہ محمود، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، نے باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور میڈیا ریگولیٹری اتھارٹیز کو تین اہم نکات پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے میں سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ:

“یہ ہماری نئی نسل کے اخلاق و کردار کا مسئلہ ہے۔ سوشل میڈیا، بالخصوص ٹک ٹاک، کے ذریعے فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جسے اسلامی، اخلاقی اور سماجی اقدار کے سراسر منافی قرار دیا جا سکتا ہے۔”

درخواست میں دی گئی تجاویز درج ذیل ہیں:

  1. ایسے مواد کو نشر کرنے والے تمام افراد کے خلاف فوری طور پر فوجداری کارروائی کی جائے۔

  2. پی ٹی اے، پیمرا اور متعلقہ ادارے ایسی ایپس یا سروسز پر کڑی نگرانی رکھیں، جو نوجوان نسل کو غیر اخلاقی سرگرمیوں کی جانب راغب کر رہی ہیں۔

  3. ملک میں دینی و اخلاقی اقدار کے منافی مواد کے خلاف مستقل قانون سازی کی جائے۔

سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف اخلاقی نہیں بلکہ قومی سطح پر تشویش کا باعث ہے، کیونکہ ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر سنجیدہ اور غیر اخلاقی مواد تیزی سے پھیل رہا ہے، جو معاشرتی بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔

عوامی مطالبہ، قانون سازی وقت کی ضرورت

سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ “ٹک ٹاک لائیو” کے نام پر روزانہ درجنوں لڑکیاں اور لڑکے نازیبا حرکات کر رہے ہیں، اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر فوری طور پر قانون سازی نہ کی گئی تو معاشرے میں بے راہ روی بڑھتی جائے گی۔

مزید پڑھیں: جاپان دورے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش لسٹ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے،عظمیٰ بخاری

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو سینیٹ میں بھی اٹھائیں گے اور متعلقہ وزارتوں کو پابند کریں گے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور نوجوان نسل کی حفاظت کے لیے واضح پالیسی مرتب کریں۔

مزید خبریں