ٹورنٹو(روشن پاکستان نیوز)کینیڈا کے شہر لندن، اونٹاریو میں پاکستانی نژاد خاندان کے چار افراد کو جان بوجھ کر اپنی گاڑی کے نیچے کچلنے والے نیتھینیل ویلٹمن کو دہشتگردی کا مجرم بھی قرار دیدیا گیا ہے۔
23 سالہ سفید فام انتہا پسند نیتھینیل ویلٹمن نے جون 2021 میں سلمان افضال اور ان کے اہل خانہ پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ویلٹمن کو نومبر 2023 میں پہلے ہی سلمان افضال، ان کی اہلیہ مدیحہ افضال، بیٹی یمنی افضال اور والدہ طلعت افضال کے قتل اور ایک کم سن بیٹے کے اقدامِ قتل کا مجرم قرار دیا جا چکا ہے، جس کے تحت اسے پیرول کے بغیر 25 سال عمر قید کی سزا کاٹنا پڑے گی۔
مزیدپڑھیں:بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا
جاں بحق ہونے والے46 سال کے سلمان فزیوتھراپسٹ تھے جبکہ ان کی 44 سالہ بیوی ویسٹرن یونیورسٹی لندن میں پی ایچ ڈی اسکالر تھیں اور سلمان کی 74 سال کی والدہ پاکستان سے وزٹ ویزے پرکینیڈا آئی تھیں، واقعے میں سلمان کی 15 سال کی بیٹی بھی جاں بحق ہوئی جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار کسی مقدمے میں دہشتگردی کے قانون کا اطلاق کیا گیا ہے۔