لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب حکومت 29 اگست کو فیصلہ کرنے والی ہے کہ آیا صوبے بھر میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر سکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی جائے یا نہیں۔
پرو پاکستانی کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر کی جانب سے سکولوں کے حوالے سے ایک اہم اعلان متوقع ہے، کیونکہ حکام شدید بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والے خطرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایک نجی نیوز چینل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور حفاظت کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کرنے کے لیے تمام صوبائی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ زمینی حقائق پر مبنی ہوگا اور اس کا مقصد طلبہ اور کمیونٹیز کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل پنجاب کے سکولوں(پرائمری) میں گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کی گئی تھی۔
دوسری جانب ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں سیلاب کے باعث تعلیمی ادارے 7 روز کے لیے بند کر دیئے گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں موسمیاتی بحران: سیلاب کی تباہ کاری کے بعد خشک سالی کا اندیشہ، این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ
کوٹ مومن کے تعلیمی ادارے 7 روز کے لیے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق تعلیمی ادارے 2 ستمبر تک بند رہیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ بچوں کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔
علاوہ ازیں سیالکوٹ میں سیلابی صورتحال کے باعث تعلیمی ادارےکل (جمعرات)بندرہیں گے،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ حکام مفاد عامہ کے پیش نظرحکم نامہ پرسختی سےعملدرآمد یقینی بنائیں۔