بدھ,  27  اگست 2025ء
بھارتی مصنوعات پر امریکا کے 25 فیصد اضافی ٹیرف کا اطلاق، نوٹیفکیشن جاری

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے۔

امریکا کی جانب سے اعلان کردہ 25 فیصد اضافی ٹیرف کے بعد بھارت پر مجموعی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا جب کہ اس حوالے سے امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیرف سے متعدد بھارتی مصنوعات مہنگی ہو جائیں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں تناؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں خوف کے بادل چھا گئے

دوسری جانب بھارت پر امریکی ٹیرف کے نفاذ سے پہلے ہی بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں خوف کے بادل چھا گئے ہیں۔

برآمدات میں نمایاں کمی کے خدشات پر اسٹاک مارکیٹس میں بدترین مندی دیکھی گئی، بی ایس ای سینسیکس ایک فیصد سے زائد گھٹ گیا اور 849 پوائنٹس کمی سے 80 ہزار 746 پوائنٹس پر آگیا۔

نفٹی ایک فیصد کمی سے 24 ہزار 712 پر بند ہوا، نفٹی میں سب سے زیادہ نقصان سریرام فائنانس، سن فارما، ٹاٹا اسٹیل، بجاج فائنانس اور ٹرینٹ کے شیئرز میں ہوا جب کہ پی ایس یو بینک، دھات، فارما، آئل اینڈ گیس، کنزیومر ڈیوریبل، ریئلٹی اور ٹیلی کام میں ایک سے دو فیصد کمی ہوئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نفٹی میں فروخت کا دباؤ تیز ہوگیا، جو ایک طویل مندی کی جانب اشارہ ہے، بھارت میں آج گنیش چترتھی کے تہوار کے موقع پر اسٹاک مارکیٹس بند ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے، ٹرمپ نے ایک بار پھر ذکر چھیڑ دیا

ادھر امریکی مارکیٹس میں تیزی رہی، نیسڈیک میں اعشاریہ چار چار فیصد، ایس اینڈ پی میں اعشاریہ چار ایک فیصد اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا۔

بھارت پر امرکی ٹیرف کا نفاذ آج سے ہوگیا، امریکا کو بھارت کی سرفہرست برآمدات میں انجینئرنگ، الیکٹرانک سامان، ادویات، جواہرات اور زیورات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے اضافی ٹیرف روس یوکرین جنگ میں بھارت کی جانب سے روس کی حمایت کے جواب میں لگایا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ 6 اگست کو روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں، بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔

دوسری جانب روس میں بھارت کے سفیر ونے کمار نے کہا ہے کہ بھارت کو بھی جہاں سے سستا تیل ملے گا وہیں سے خریدے گا۔

مزید خبریں