اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) معروف صحافی عمران ریاض خان کو دوبارہ رات گئے لاہور سے گرفتار کرلیا گیا، سینیئر قانون دان اور عمران ریاض کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ عمران ریاض کا گناہ حقائق کو سامنے لانا ہے , عمران ریاض نے موجودہ فسطائیت کو عوام کے سامنے عیاں کیا، ہمارے پاس پہلے سے خبریں آرہی تھی کہ مریم نواز کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے پہلے ان کیلئے گراؤنڈ بنایا جارہا ہے۔
عمران ریاض خان سچ کی آواز ہے اور یہ بات سامنے والوں سے برداشت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق عمران ریاض کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا ہے اور کسی نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے تاکہ چوبیس گھنٹوں کے اندر انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔
اظہر صدیق نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس فائز عیسیٰ اس مسئلے پر ازخود نوٹس لیں اور اس ظلم و جبر کو روکیں۔ اظہر صدیق نے کہا کہ ہم لوگوں کو دلاسا دے رہے ہیں کہ پاکستان سب کچھ وقت کیساتھ بہتر ہوگا لیکن یہ سب دیکھ کر ہمیں خود مایوسی ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران کی بیوی اور دیگر اہل خانہ اس وقت بہت پریشان ہیں انہیں خدشہ ہے جس طرح پہلے ان کے ساتھ ظلم کیا گیا دوبارہ ایسا نہ ہوں۔
مزید پڑھیں: اہم خبر،معروف صحافی عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا گیا ،دیکھیں تفصیل
اظہر صدیق نے کہا کہ میں برطانیہ میں تھا جب عمران ریاض خان چھ مہینے بعد بازیاب ہوئے اس وقت وہ صحیح بول بھی نہیں سکتے تھے میرے پاس ابھی بھی ان کی وہ ریکارڈنگ موجود ہے۔ اظہر صدیق نے کہا کہ یہ ظلم و جبر بند کیا جائے اور ملکی کی بہتری کے بارے میں سوچا جائے۔











