هفته,  23  اگست 2025ء
پاکستان کے جشن آزادی پر فوٹو جرنلسٹ یحییٰ اشفاق کو لیڈنگ ایمرجنگ ایوارڈ سے نوازا گیا

جدہ (روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان قونصلیٹ جدہ نے منعقدہ پروقار تقریب میں سعودی عرب میں مقیم معروف فوٹو گرافر اور جرنلسٹ یحییٰ اشفاق کو “لیڈنگ ایمرجنگ ایوارڈ” سے نوازا ۔ اس ایوارڈ کا مقصد ان کی صحافتی خدمات، فوٹو جرنلزم میں جدت اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔یحییٰ اشفاق نے 12 سال حج کے موقع پر فضائی فوٹو گرافی کی۔ انہوں نے اپنی منفرد کاوشوں کے ذریعے کئی بار عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔واضح رہے کہ یحییٰ اشفاق نے سمندر کی گہرائیوں میں جا کر پاکستان کا پرچم لہرایا، 150 فٹ گہرے پانی میں افطاری کا اہتمام کیا اور 14 اگست کے دن سمندر میں کیک کاٹ کر پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ ان کی یہ کاوشیں پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دی جاتی ہیں۔اس موقع پر یحییٰ اشفاق نے کہا یہ اعزاز میرے لیے نہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی اور وطنِ عزیز پاکستان کے لیے ہے۔ میں اپنی تمام کامیابیاں پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ میری کوشش ہمیشہ یہی رہی ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ اجاگر ہو، اور آج یہ لمحہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے کہ میرا ملک میرے کام پر فخر محسوس کر رہا ہے۔پاکستانی کمیونٹی نے بھی یحییٰ اشفاق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کاوشیں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور یہ کہ وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کے ثقافتی سفیر ہیں۔

مزید خبریں