منگل,  19  اگست 2025ء
ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، کے پی میں تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ، سیلاب سے اموات 358 ہوگئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔15 اگست سے اب تک خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث میں 358 افراد جاں بحق اور 181 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔ سندھ کے کئی شہروں اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں اور چشموں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پنجاب، اسلام آباد، پشاور اور سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں، جس پر حکام نے شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بارش

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری جاری ہے، بارش سے کئی علاقے زیرآب آگئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پشاور اس وقت بھی بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور مزید بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 358 افراد جاں بحق اور 181 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 287 مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 780 گھر وں کو نقصان پہنچا، جس میں 431 گھروں کو جزوی اور 349 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کا ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک 225 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کا کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آج سے 25 اگست تک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند کا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے تباہ کاریوں کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

مزید خبریں