پیر,  18  اگست 2025ء
مانچسٹر: قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل کی صحافیوں سے پہلی ملاقات، کمیونٹی مسائل کے فوری حل کا عزم

مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز) مانچسٹر میں حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نئے قونصل جنرل، امتیاز فیروز گوندل نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پاکستانی صحافیوں سے پہلی ملاقات کی۔ یہ خصوصی نشست قونصل خانے میں منعقد ہوئی، جس میں اردو، انگریزی اور دیگر زبانوں میں کام کرنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔

قونصل جنرل امتیاز گوندل نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، خصوصاً پاسپورٹ اور دیگر قونصلر خدمات میں پیش آنے والی مشکلات سے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قونصل خانے کی خدمات کو مؤثر، تیز اور شفاف بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قونصل خانے کے اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ ڈیوٹی کے اوقات کار میں توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو سہولت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں، خواتین اور معذور افراد کے لیے علیحدہ سہولت کاؤنٹر کے قیام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں صحافیوں نے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم کی بہتری، عوامی رابطے میں شفافیت، اور کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کی تجاویز پیش کیں۔ قونصل جنرل نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں سنجیدگی سے لیں گے اور متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں گے تاکہ ان پر عملدرآمد کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر میں پرچم کشائی کی تقریب

امتیاز گوندل نے میڈیا کو کمیونٹی کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مثبت اور تعمیری رپورٹنگ سے نہ صرف عوامی مسائل اجاگر ہوتے ہیں بلکہ ان کے حل کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قونصل خانہ ہر پاکستانی کے لیے کھلا ہے اور وہ خود کو عوامی خدمت کے لیے وقف سمجھتے ہیں۔

اس ملاقات سے یہ پیغام ملا کہ نئی قیادت کمیونٹی کی آواز سننے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ عملی اقدامات کی بھی خواہاں ہے۔

مزید خبریں