پیر,  18  اگست 2025ء
آر آئی یو جے کی خواتین صحافیوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

‎اسلام آباد(محمد زاہد خان) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے سینئر خواتین صحافیوں نیّر علی، سحرش قریشی، مائرہ عمران اور شکیلہ جلیل پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک ،جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری ،فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا ہے کہ پیکا ایکٹ ایک کالا قانون ہے جس کے خلاف پورے پاکستان کے صحافی سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافیوں سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی ،جوائنٹ سیکرٹری سحرش قریشی ،سابق نائب صدر مائرہ عمران اور سابق جوائنٹ سیکرٹری شکیلہ جلیل پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پاکستان بھر سے مظلوم صحافیوں کی درخواستیں پریس کلب کو موصول ہوتی ہیں جن پر غور اور بحث کے بعد ان کامسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ، آر آئی یو جے کے رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ ایک خاتون صحافی کی اپنے ہی خاوند کے خلاف شکایت سننا ان صحافی رہنماؤں کا جرم بن گیا ہے ،آر آئی یو جے کی قیادت نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کالا قانون پیکا ایکٹ کے تحت سینئر خواتین صحافیوں پر درج مقدمہ فوری طور پر خارج کیا جائے اور غیر قانونی طور پر مقدمہ درج کرنے والے ایف آئی اے کے اہلکاروں اور درخواست دہندہ کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر بھرپور طریقے سے احتجاج کیا جائے گا۔

مزید خبریں