پیر,  18  اگست 2025ء
خواتین کی نمائندہ تنظیم ایلیٹ فورم کے زیراہتمام جشنِ آزادی کی تقریب

ریاض ( وقار نسیم وامق) ایلیٹ فورم ریاض برانچ نے پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی نہایت جوش و خروش، ولولہ اور والہانہ جذبے کے ساتھ منایا۔ مذکورہ تقریب فورم کی بانی جویریہ اسد نے ریاض کی ٹیم ممبران زینت شہاب، رابعہ شہاب اور ڈاکٹر اقرا کے ہمراہ ترتیب دی۔ پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس موقع کو ایک پروقار اور یادگار اجتماع بنا دیا۔

‎جویریہ اسد نے اپنے خطاب میں کہا کہ “ہم سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں اور یہ ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت، شائستہ اور روشن تشخص اجاگر کریں۔ یہ تقریبات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ یہ پاک وطن ہمیں بے شمار قربانیوں، جدوجہد اور ایثار کے بعد نصیب ہوا ہے، اور اب اس کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔”

‎تقریب میں یومِ آزادی کی اہمیت، معنویت اور روحانی وابستگی کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف دلچسپ اور بامقصد سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔

اس موقع پر شرکاء نے اپنے بچپن کی دلآویز یادیں بیان کیں جب وہ یومِ آزادی منایا کرتے تھے اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ مائیں کس طرح اپنے بچوں کو اس دن کی حقیقی معنویت اور قومی فریضے سے روشناس کروا سکتی ہیں۔

‎اسماء مجید، ڈاکٹر اقرا، مس نبیہہ اور دیگر شرکاء نے وطنِ عزیز کے لیے اپنی والہانہ محبت، خلوص اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور افتخار ہے۔

‎تقریب کا سب سے نمایاں اور متاثر کن حصہ “روپ آف ہوپ” سرگرمی تھی جس میں شرکاء نے پاکستان کے لیے اپنی نیک تمناؤں، دعاؤں اور امیدوں پر مبنی پیغامات تحریر کیے، یہ پیغامات مل کر ایک خوبصورت زنجیرِ اُمید کی صورت میں ڈھل گئے جو یکجہتی، امید اور تابناک مستقبل کی علامت بن گئے۔

مزید خبریں